Hot Posts

6/recent/ticker-posts

news

بھارت نے ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے سپرایٹ مرحلے کے اہم میچ میں شان دار بیٹنگ اور بولنگ کے ذریعے زمبابوے کو باآسانی 72 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے امکانات بحال کر دیے۔ چنائی میں میزبان بھارت اور زمبابوے کے درمیان کھیلے گئے سپرایٹ کے گروپ ون کے اہم میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جس کا دفاعی چمپیئن نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور ایونٹ کا سب سے بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔ بھارت کی جانب سے سنجوسیمسن اور ابھیشک شرما نے 48 رنز کا جارحانہ آغاز کیا تاہم موزاربانی نے سیمسن کو میچ کے چوتھے اوور میں آؤٹ کیا تاہم انہوں نے صرف 15 گیندوں پر 24 رنز بنا لیے تھے۔ نوجوان بیٹر ابھیشک شرما نے فارم میں واپسی کی اور دوسری وکٹ کے لیے ایشان کشن کے ہمراہ ٹیم کا اسکور 120 تک پہنچایا، ایشان کے 38 رنز آؤٹ ہونے کے بعد انہوں نے کپتان سوریا کمار یادیو کے ساتھ بھی 30 رنز کی شراکت کی، اس دوران نصف سنچری بھی مکمل کی۔ بھارت کا اسکور 150 رنز پر پہنچا تھا تو ابھیشک شرما کی 55 رنز کی اننگز کا خاتمہ ہوا، ان کی اننگز میں 4 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے، سوریا کمار یادیو 172 کے اسکور پر 33 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ ہارڈک پانڈیا اور تلک ورما نے 86 رنز کی بڑی شراکت کے دوران بھارت کو رواں ورلڈ کپ کے سب سے بڑے مجموعے تک پہنچایا، جس میں پانڈیا کی نصف سنچری اور تلک ورما کے 44 رنز شامل تھے۔ بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں زمبابوے کو جیت کے لیے 257 رنز کا ایک مشکل ہدف دے دیا، زمبابوے کی جانب سے کوئی بولر نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکام ہوا۔ زمبابوے نے ایک بڑے ہدف کے تعاقب میں قدرے سست آغاز کیا، برائن بینیٹ اور تیڈیوانشے مارومانی نے 44 رنز بنائے جبکہ آکشر پٹیل نے مارومانی کو 20 رنز کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کردیا، جس کے بعد ڈیون مائر صرف 6 رنز کا اضافہ کرپائے۔ کپتان سکندر رضا نے زمبابوے کی جیت کی امیدیں بحال رکھنے کی بھرپور کوشش کی لیکن 21 گیندوں پر دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 31 رنز ہی بناپائے اور جب آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا اسکور 17 ویں اوور میں 144 رنز تھا۔ برائن بینیٹ نے 59 گیندوں کا سامنا کرکے 8 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے آؤٹ ہوئے بغیر 97 رنز کی اننگز کھیلی لیکن ٹیم کو جیت دلانے میں ناکام ہوئے، زمبابوے نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 184 رنز بنائے۔ ارشدیپ سنگھ نے بھارت کے لیے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں اور یوں بھارت سیمی فائنل کی دوڑ میں خود کو شامل رکھنے میں کامیاب ہوا اور زمبابوے کو باآسانی 72 رنز سے شکست دے دی۔ بھارت کے ہارڈک پانڈیا کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ خیال رہے کہ بھارت کو سپرایٹ کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ اگلا میچ یکم مارچ کو ویسٹ انڈیز سے ہوگا جس میں سیمی فائنل تک رسائی کرنے والی ٹیم کا فیصلہ ہوگا۔ ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے گروپ ون میں جنوبی افریقہ ابتدائی دونوں میچز میں کامیابی حاصل کرکے 4 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، ویسٹ انڈیز دو میں سے ایک میچ میں فتح اور بہترین رن ریٹ کے ساتھ دو پوائنٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر ہے، اسی طرح بھارتی ٹیم نے منفی رن ریٹ کے ساتھ دو پوائنٹ حاصل کر لیے ہیں۔

from The Express News https://ift.tt/8QJSrMO

Post a Comment

0 Comments