تہران (3 مئی 2026): ایران کا کہنا ہے کہ امریکا نے پاکستان کے ذریعے اس کی 14 نکاتی تجاویز کا جواب دے دیا جس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں تصدیق کی کہ امریکا نے پاکستان کے ذریعے ایران کی 14 نکاتی تجاویز کا جواب دے دیا ہے، ایران امریکی جواب کا جائزہ لے رہا ہے۔
اسماعیل بقائی نے بتایا کہ 14 نکاتی منصوبہ خصوصی طور پر جنگ کے خاتمے سے منسلک ہے، اس مرحلے پر امریکا کے ساتھ کوئی جوہری مذاکرات نہیں ہو رہے۔
قبل ازیں، العربیہ نے اپنی حالیہ رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ ایران نے اپنی بعض شرائط سے دستبرداری اختیار کر لی اور وہ امریکا کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں جوہری پروگرام کو شامل کرنے پر راضی ہوگیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ اس سے قبل ایک سینیئر ایرانی عہدیدار نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا تھا کہ ایران کی تجویز میں سب سے پہلے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی بحالی اور امریکی بحری ناکہ بندی کے خاتمے پر توجہ دی جائے گی جبکہ جوہری مذاکرات کو بعد کے مرحلے کیلیے چھوڑ دیا جائے گا۔
تاہم، العربیہ نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ ایران اب اپنے جوہری پروگرام پر بات چیت کیلیے تیار ہے اور اس نے یورینیم افزودگی کو 3.5 فیصد تک محدود کرنے جبکہ افزودہ یورینیم کے موجودہ ذخیرے میں بتدریج کمی لانے کی تجویز پیش کی ہے۔
ذرائع نے مزید دعویٰ کیا کہ ترمیم شدہ تجویز میں امریکی ناکہ بندی ختم کرنے کے بدلے آبنائے ہرمز کو مرحلہ وار کھولنے کی پیشکش شامل ہے۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/jTSKAPM
0 Comments