کراچی: شہر قائد کے علاقے ڈیفنس فیز 6 کے رہائشی اپارٹمنٹ سے ملنے والی اداکارہ کی لاش کو پولیس نے بہنوئی کے حوالے کرنے سے انکار کردیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر علی کے بہنوئی نے گزری پولیس سے رابطہ کیا اور اپنے رشتے کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے لاش حوالگی کا مطالبہ کیا۔ پولیس کے مطابق رابطہ کرنے والے شخص نے خود کو حمیرا کا بہنوئی بتایا ہے، جس پر اُس کو تھانے طلب کیا گیا اور ہدایت کی گئی ہے کہ کسی خونی رشتے کو ساتھ لے کر آئیں۔ پولیس نے کہا ہے کہ قانون کے مطابق متوفیہ کی لاش صرف خونی رشتے کو ہی دی جائے گی۔ اس سے قبل ایس ایس پی ویسٹ نے انکشاف کیا تھا کہ اداکارہ کی لاش 6 ماہ سے بھی زائد پرانی ہے کیونکہ اُن کے فریج میں رکھی ہوئی اشیا زائد المعیاد ہوچکی ہیں اور آخری کال بھی ستمبر 2024 میں کی گئی تھی، اُس کے بعد سے کال موصول ہونے یا کرنے کے کوئی شواہد نہیں ملے۔ پولیس کے مطابق حمیرا اصغر نے چار ماہ سے بجلی کا بل بھی ادا نہیں کیا تھا جس کی وجہ سے اُن کے فلیٹ کی لائٹ منقطع ہوئی تھی۔
from The Express News https://ift.tt/Mp9yCel
0 Comments